منگلورو 9/ فرروی (ایس او نیوز) منگلورو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کسٹمز نے 7 اور 8 فروری کو انجام دی گئی دو الگ الگ کارروائیوں میں 25.18 لاکھ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی ضبط کی ہے ، جسے کسی قانونی جواز اور دستاویز کے بغیر اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق پہلے معاملہ میں کسٹمز نے کاسرگوڈ کے رہنے والے ایک مسافر کی تحویل سے 10,000 امریکی ڈالر ضبط کیے ۔ یہ مسافر انڈیگو فلائٹ کے ذریعے شارجہ کے لئے روانہ ہونے والا تھا ۔ جبکہ دوسرے معاملہ میں منگلورو شہر کا ہی ایک مسافر اس وقت کسٹمز کے ہاتھ لگا جب وہ اپنے ساتھ ایک بیگ میں 90,000 یواے ای درہم غیر قانونی طور پر دبئی لےجانے کی کوشش کررہا تھا ۔ کسٹمز نے تمام کرنسی ضبط کر لی جس کی مجموعی مالیت 25.18 لاکھ روپے بتائی گئی ہے ۔